مریض کے سفر کے بارے میں معلومات

مریض کے سفر سے مراد یہ ہے کہ کوئی شخص منظور شدہ سرکاری علاج معالجے کیلئےسفر کرے۔ ہیلتھ ٹرسٹ مریض کے سفری اخراجات کے ذمہ دار ہیں اور آپ کا مقامی ہسپتال ان اخراجات کی ادائیگی کرے گا۔

آپ کے حقوق

آپ جب علاج معالجے کے لئے کہیں آتے جاتے ہیں تو اس سلسلے میں ضروری سفری اخراجات آپ واپس لینے کے مجاز ہیں۔ عمومی اصول یہ ہے کہ آپ کو علاج معالجے کے قریب ترین مرکزتک آنے اور جانے کیلئے سستی ترین پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کے اخراجات دیئے جائیں۔ پہلے آپ اپنے سفر کا خود بندوبست کریں اورپھر علاج معالجے کے مقام سے واپسی کے بعد سفری اخراجات کا فارم، پُر کر کے اُ س پر درج پتے پر ارسال کردیں۔

یاد رکھیں کہ معالج سے ملنے کی تصدیق اور تمام متعلقہ اصلی رسیدیں فارم کے ساتھ منسلک کریں۔ آپ سفری اخراجات کا فارم اپنے معالج سے حاصل کر سکتے ہیں یا ویب سائیٹ www.pasientreiser.no  سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں

سفری اخراجات میں مریض کا حصہ

ناروے کی حکومت کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق آپ کو تمام سفری اخراجات میں حصہ ڈالنا ہو گا۔

اس سے آپ کو استثنی کارڈ کے حصول میں مدد ملتی ہے اور کارڈ پرآپ کی ادا شدہ رقم کا اندراج کیا جا سکتا ہے۔  

 16 سال سے کم عمر بچوں، مریض کے ساتھ ضروری جانے والے افراد اور استثنی کارڈ کے حامل لوگوں کے لئے حصے کی ادائیگی ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ اپنی مرضی کے ہسپتال سے علاج کرانا چاہتے ہوں تو اس کے لئے حصے کی رقم کچھ زیادہ ہو گی۔ اس کا اطلاق اس صورت میں ہو گا جب آپ اپنے رہائشی علاقے کی بجائے کسی اور علاقے کے ہسپتال کا انتخاب کریں گے۔

سفری اجازت نامہ

اگر آپ خراب صحت کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر نہ کر سکتے ہوں تو آپ ٹرانسپورٹ کا کوئی متبادل ذریعہ استعمال کرنے کی اجازت طلب کر سکتے ہیں۔ آپ کا معالج آپ کی ضروریات کا جائزہ لیتے ہوئے یہ اجازت نامہ جاری کر دے گا۔

بعض صورتوں میں، اگر پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں تو آپ ٹرانسپورٹ کا کوئی اور ذریعہ استممال کرنے کا اجازت نامہ حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔

مریضوں کے سفر سے متعلق مقامی دفتر، جس سے آپ نمبر 05515 پر رابطہ کر سکتے ہیں، فیصلہ کرتا ہے کہ آیا آپ متبادل ذریعہ استعمال کرنے کے مجاز ہیں یا نہیں۔ یہ دفتر سفر کی منصوبہ بندی کرنے میں بھی آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ اگر آپ متبادل ٹرانسپورٹ کا اجازت نامہ استعمال کریں گے تو آپ کو سفری اخراجات کا فارم پُر کرنے کی ضرورت نہیں۔

مریض کے سفر کا اندراج

علاج معالجے کے لئے گھر سے نکلنے سے پہلے مریضوں کے سفر سے متعلق مقامی دفتر کو دفتری اوقات میں دن ایک بجے سے قبل نمبر 05515 پر فون کر کے اپنے سفر کا اندراج کرا لیں۔ جونہی علاج معالجے کیلئے آپ کی ملاقات کا وقت طے ہو جاتا ہے آپ اپنی پروازوں کی بکنگ کرا لیں۔ جب آپ مقامی دفتر کو فون کریں گے تو ہمیں درج ذیل  معلومات درکار ہوں گی:

  • آپ کا نام اور فون نمبر
  • ذاتی شناخت کا نمبر (11 ہندسے)
  • آپ کہاں سے کہاں جائیں گے
  • ملاقات کی تاریخ اور وقت
  • آیا آپ کی مخصوص ضروریات ہیں (مخصوص سیٹ، خراب صحت کی وجہ سے کسی کو ساتھ لے جانا ضروری ہو وغیرہ وغیرہ)

آپ کا معالج سفری اجازت نامے پر آپ کی مخصوص ضروریات کا اندراج کرے گا۔

مشترکہ سفر اور انتظار کا وقت

مریضوں کے سفر سے متعلق مقامی دفتر، قابل عمل ہونے کی صورت میں ایک ہی ٹیکسی یا کوچ میں کئی مریضوں کے سفر کی منصوبہ بندی کر سکتا ہے بشرطیکہ اس سے کسی مریض کی حالت بگڑنے کا اندیشہ نہ ہو۔ علاج معالجے کے مقامات پر جانے اور وہاں سے آنے کے لئے آپ کو انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

سوالات؟

اگر آپ مریض کے سفر کے بارےمیں کوئی سوال پوچھنا چاہیں تو فون نمبر 05515 پر رابطہ کریں یا ویب سائیٹ www.pasientreiser.no  ملاحظہ فرمائیں

 مریضوں کیلئے سفری نظام کے درست استعمال سے ہم اُن لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کر سکیں گے جنہیں حقیقی معنوں میں اس کی ضرورت ہے۔

 
Opprettet: 21.01.2011
Sist oppdatert: 10.02.2011